(ویب ڈیسک) جشن آزادی کے موقع پر وطن سے اظہار محبت کے لیے لاہور کی مختلف شاہراؤں پر شہریوں کا رش لگ گیا، بچے، بوڑھے اور جوان سب جشن آزادی کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جشن آزادی سے قبل صدیق ٹریڈ سینٹر کے باہر شہریوں کا رش لگ گیاتھا،شہریوں نے سبز ہلالی پرچم اٹھا کر وطن سے اظہار محبت کیا۔ شہر ی سجاوٹیں دیکھنے کیلئے فیملیز کے ساتھ سڑکوں پر نکل آئے ، بچے، بوڑھے اور جوان سب جشن آزادی منارہے ہیں۔
دوسری جانب سنٹرل پارک ہاؤسنگ سوسائٹی میں جشن آزادی کی تقریب کی جارہی ہے، اداکارہ رمل علی کی میزبانی میں منعقدہ تقریب میں شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ تقریب میں فوک گلوکاروں اور دیگر فنکاروں کی شاندار پرفارمنس نے سماں باندھ دیا۔
آزادی کا جشن منانے کیلئے شہری پرجوش دکھائی دے رہے ہیں، ریس کورس پارک میں شہریوں کیلئے میوزیکل پروگرام کا انعقاد کیا گیا ہے۔ میوزیکل پروگرام میں خواتین اور بچوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ہے۔ شہر کی تمام شاہراہوں پر گاڑیوں کا رش لگا ہوا ہے، منچلوں کی مستیاں عروج پر ہیں۔