(لاہور نیوز) شہر میں صاف پانی کی فراہمی کے لئے شروع کئے گئے واسا کے منصوبے عوام کے لیے وبال جان بننے لگے۔
سابق حکومتوں میں شروع کئے گئے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں کو تاحال مکمل نہیں کیا جا سکا، واٹرسپلائی اور سیوریج کے تمام جاری ترقیاتی منصوبے تاحال مکمل نہیں ہوئے، واسا کے شعبہ او اینڈ ایم علامہ اقبال ٹاؤن ڈائریکٹوریٹ کی کوتاہی منظر عام پر آگئی۔
واسا انتظامیہ نے واٹر سپلائی اورسیوریج لائنوں کی تبدیلی کا منصوبہ بنایا، نیا انفراسٹرکچر بچھانے کے لئے علامہ اقبال ٹاؤن خیبر بلاک میں کھدائی کی گئی مگر واسا انتظامیہ منصوبہ ادھورا ہی چھوڑ کر موقع سے رفوچکر ہوگئی جبکہ مرکزی شاہراہ پر مٹی کے پہاڑ بن گئے۔
واسا انتظامیہ نے سڑک اکھاڑنے کے بعد اس کی ازسر نو مرمت کا کام بھی نہ کیا جبکہ سیوریج اور واٹر سپلائی کے پائپ بھی مرکزی شاہراہ پر پھینک دیئے گئے، سڑک پر کھدائی ہونے کے سبب مرکزی شاہراہ سکڑ کر 10 فٹ تک محدود ہو کر رہ گئی ہے، واسا انتظامیہ کی غفلت اور ادھورے کام کے سبب علاقہ مکین شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
ادھر واسا انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کام میں سست روی پر کنٹریکٹر کی سرزنش کی ہے، جلد منصوبے کو مکمل کیا جائے گا، ایل ڈی اے کو سڑک کی کارپٹنگ کے لئے فنڈز جمع فراہم کر دیئے ہیں۔