(لاہور نیوز) وزیراعظم شہباز شریف 14 اگست کے بعد بیگم نصرت شہباز کے علاج کیلئے اہل خانہ کے ہمراہ لندن روانہ ہوں گے، شہباز شریف لندن میں نواز شریف سے ملاقات بھی کریں گے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق نصرت شہباز گزشتہ 4 روز سے اتفاق ہسپتال ماڈل ٹاؤن میں زیر علاج ہیں، بیگم نصرت شہباز کی طبیعت گزشتہ کئی روز سے ناساز ہے، نصرت شہباز کے علاج کیلئے وزیراعظم شہباز شریف ان کو بیرون ملک ساتھ لے کر جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بیگم نصرت شہباز پہلے بھی بیرون ملک علاج کیلئے مقیم رہی ہیں، ڈاکٹروں کی جانب سے بیگم نصرت شہباز کو سفر کی اجازت ملنے پر بیرون ملک روانگی ہوگی۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف ہنگامی طور پر اسلام آباد سے لاہور اپنی اہلیہ کی عیادت کیلئے پہنچے تھے، شہباز شریف نے اتفاق ہسپتال میں اہلیہ کی عیادت کی تھی، وزیراعظم کے دونوں صاحبزادوں حمزہ شہباز اور سلیمان شہباز نے بھی اتفاق ہسپتال میں اپنی والدہ کی عیادت کی تھی۔