ممنوعہ فنڈنگ: پی ٹی آئی کو جواب جمع کرانے کا آخری موقع، فیصلہ سنانے کا عندیہ
(ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن نے ممنوعہ فنڈنگ ضبطگی کیس میں پاکستان تحریک انصاف کو تفصیلی جواب جمع کرانے کے لیے آخری موقع فراہم کر دیا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کے دستخط سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کو انصاف کے تقاضے کے تحت تفصیلی جواب جمع کرانے کی اجازت دی جاتی ہے، پی ٹی آئی جواب کے ساتھ 50 ہزار روپے الیکشن کمیشن ڈپٹی ڈائریکٹر لا کے دفتر میں جمع کرائے، یہ رقم یتیم خانے کو دے دی جائے گی۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے پی ٹی آئی 22 اگست کو شو کاز نوٹس کا حتمی جواب جمع کرائے، حتمی جواب جمع نہ کرانے کی صورت میں الیکشن کمیشن دستیاب ریکارڈ کی بنیاد پر حتمی فیصلہ جاری کر دے گا۔
الیکشن کمیشن کے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے گزشتہ برس 2 اگست کو پی ٹی آئی غیر ملکی فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنایا تھا، اس حوالے سے الیکشن کمیشن میں 12 سماعتیں ہو چکی ہیں اور ہر سماعت پر پی ٹی ائی کو شو کاز نوٹس کا جواب جمع کرانے کی ہدایت کی گئی، جوابدہ کیس کو طوالت دینے کیلئے تاخیری حربے استعمال کر رہا ہے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ آخری سماعت پر وکیل انور منصور کو شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرانے کیلئے ایک ماہ کی مہلت دی گئی تاہم 8 اگست کو سماعت میں پی ٹی آئی کے وکیل ثقلین حیدر پیش ہوئے اور جواب جمع نہیں کرایا، پی ٹی آئی نے 8 اگست کو سماعت پر جواب جمع کرانے کیلئے مزید مہلت مانگی جس پر الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔