(لاہور نیوز) تھانہ شادمان پر حملہ کے لئے اکسانے کے الزام کا معاملہ ، لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کی درخواست ضمانت پرسماعت 17 اگست کے لئے مقرر کردی۔
لاہور ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے ڈاکٹر یاسمین راشد کی درخواست ضمانت کی سماعت بارے کاز لسٹ جاری کردی ، جسٹس سلطان تنویر احمد اور جسٹس راحیل کامران پر مشتمل بنچ سماعت کرے گا ۔
عدالت نے سرکار اور تھانہ شادمان کے مدعی مقدمہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کررکھا ہے ، درخواست ضمانت میں سرکار اور تھانہ شادمان کے مدعی مقدمہ کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ تھانہ شادمان پر حملہ کرنےلئے دوسروں کو اکسانے کا الزام لگایا گیا، ملزمہ ڈاکٹر یاسمین راشد نامزد ایف آئی آر میں نہیں، سیاسی مقدمہ بنایا گیا، اس مقدمہ میں ملزمہ کے ساتھ کئی شریک ملزمان کی ضمانت ہوچکی ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ ملزمہ کے خلاف ٹھوس شواہد نہ ہونے کے باوجود اے ٹی سی ٹرائل کورٹ نے ضمانت خارج کی، ملزمہ کے مقدمہ کا چالان ہوچکا ہے، پولیس کو مزید تفتیش کی ضرورت نہیں، عدالت سے استدعا ہے کہ ہائیکورٹ ملزمہ کی بعد از گرفتاری ضمانت منظور کرنے کا حکم دے۔
یاد رہے کہ ڈاکٹر یاسمین راشد پر جناح ہاؤس، مسلم لیگ (ن) کے دفتر اور عسکری ٹاور پرحملے کروانے اور تھانہ شادمان کو جلانے کا الزام ہے، ملزمہ کیخلاف گلبرگ، شادمان، ماڈل ٹاؤن اور سرور روڈ تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔