11 Aug 2023
(لاہور نیوز) ہربنس پورہ کے علاقے میں کیبل تنازع پر فائرنگ کے نتیجے میں 1 شخص جاں بحق جبکہ چھ افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ ریکارڈ یافتہ ملزم بلال شاہ کی جانب سے کی گئی، ملزم اور زخمیوں کے درمیان کیبل کے پیسوں کا تنازع چل رہا تھا، ملزم نے زخمی افراد کو صلح کے لئے گھر پر بلایا، صلح کے دوران ملزم اور زخمی پارٹی کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی افراد اچانک گھر سے باہر بھاگے تو پیچھے سے بلال شاہ نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا جبکہ چھ افراد زخمی ہو گئے، ریسکیو ٹیموں نے لاش اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ملزم بلال شاہ موقع سے فرار ہو گیا، ملزم کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے دی ہے جلد ملزم قانون کی گرفت میں ہو گا۔