(لاہورنیوز) لاہور کے علاقے ڈیفنس میں کار پارکنگ میں سکیورٹی گارڈ پر تشدد کے واقعے میں ملوث مرکزی ملزم تاحال گرفتار نہ ہوسکے ۔
گزشتہ روز ڈیفنس سی کی حدود میں سکیورٹی گارڈ پرتشدد کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا ، اس حوالے سے ایس پی کینٹ نے بتایا تھا کہ گاڑی میں سوار مسلح افراد اورسکیورٹی گارڈ میں تلخ کلامی ہوئی، مسلح افراد نے گاڑی سےاتر کر سکیورٹی گارڈ پر تشدد کیا۔
پولیس کی جانب سے تھانہ ڈیفنس بی میں 5 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیاگیا جبکہ اس واقعہ کے2 ملزمان تنزیل اورعدنان کو گرفتارکرلیا گیا ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور علی ناصر رضوی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ گرفتار ملزمان سے 2 ایس ایم جی، 2 پستول، 29 میگزین اور سیکڑوں گولیاں بھی برآمد کی گئی ہیں۔
ڈی آئی جی نے بتایا کہ واقعہ میں ملوث 3 دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سکیورٹی گارڈ پر تشدد کا مرکزی ملزم احمد میو ہے، احمد میو تشدد اور فائرنگ کے وقت گاڑی کی فرنٹ سیٹ پر بیٹھا ہوا تھا۔
ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا تھا کہ مرکزی ملزم سمیت تمام ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔گزشتہ روز ایس پی کینٹ نے ڈی ایس پی کی سربراہی میں ایک ٹیم بھی تشکیل دی تھی جو ملزمان کو تاحال شناخت نہیں کر سکی ہے ۔