(لاہور نیوز) بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کےعملے اورپولیس میں سازباز کے باعث ڈسکوز میں بجلی کے آلات کی چوری معمول بن گئی۔
تفصیلات کے مطابق ڈسکوز میں بجلی آلات کی چوری معمول بن گئی، مقدمات درج ہونے کے باوجود ڈسکوز عملہ اور پولیس میں سازباز کے باعث چور آزاد ہیں، کروڑوں روپے کے نقصان کے باوجود این ٹی ڈی سی بھی سہولت کار نکلی، ریکارڈ فراہم کرنے سے انکار کر دیا۔
دستیاب دستاویز کے مطابق بجلی کے آلات کی چوری کے واقعات روات، ملتان، پشاور، لاہور، ساہیوال میں ہوئے، حیدر آباد، رحیم یار خان اور کالا شا کاکو میں بھی چور بجلی آلات لے گئے، آلات چوری میں ملوث افراد کے خلاف 122 ایف آئی آرز کاٹی گئیں۔ دستاویزکے مطابق پنجاب میں بجلی آلات چوری کے 44 مقدمات درج ہوئے، خیبرپختونخوا میں 24، بلوچستان میں چوری کے 17 مقدمات درج ہوئے ، سندھ میں 37 ایف آئی آرزکاٹی گئیں، پولیس نے صرف 39 ایف آئی آرز پرکارروائی کی جبکہ ڈسکوز نے نقصانات کا بوجھ بھی عوام پر منتقل کردیا۔