(لاہور نیوز) سبزی، پھل اور برائلر گوشت کی خریداری آسان نہ رہی۔ مہنگائی کے بھنور میں پھنسے عوام حکومت سے نالاں ہیں۔
مہنگائی کی کہانی وہی پرانی ہے۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتیں انتہائی سطح پر ہیں۔ بیشتر سبزیوں کے دام 150 روپے فی کلو سے کم نہیں۔ ٹماٹر کا سرکاری نرخ 140 روپے فی کلو مقرر، مارکیٹ میں ٹماٹر 180 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہے ہیں۔ آلو 100 اور پیاز 70 روپے فی کلو ہے۔ لہسن 500 اور ادرک 1100 روپے فی کلو بیچا جا رہا ہے۔ ٹینڈے اور بھنڈی 160، پھول گوبھی 180 ، مٹر 500 روپے فی کلو دستیاب ہیں۔
پھلوں میں سیب 300 سے 450 ، انگور 400 اور آڑو 300 روپے فی کلو ہیں۔ مارکیٹ میں کیلے 220 روپے فی درجن مل رہے ہیں۔
برائلر گوشت کی فی کلو قیمت 564 روپے مقرر، زندہ برائلر 376 روپے فی کلو ہے۔ فارمی انڈے مزید ایک روپیہ مہنگے ، 284 روپے فی درجن ہو گئے۔ عوام کہتے ہیں اس مہنگائی میں دو وقت کی روٹی بھی مشکل ہو رہی ہے۔
مارکیٹ میں سرکاری ریٹ لسٹ پر بھی عملدرآمد نہیں کروایا جا سکا۔ دکاندار عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔