رانا ثناکی زیر صدارت اجلاس،نیکٹا کا صوبائی کاؤنٹر ٹیررازم اداروں کیلئے پالیسی سازی کرنیکا فیصلہ
(لاہور نیوز) وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی زیر صدارت نیکٹا بورڈ آف گورنرز کا اجلاس ہوا، اجلاس میں دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے نیکٹا اصلاحات مکمل کر لی گئیں، اجلاس میں صوبائی کاؤنٹر ٹیررازم اداروں کیلئے پالیسی سازی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ڈی جی نیکٹا کے مطابق نیکٹا میں پروفیشنل سٹاف، ڈیٹا سائنٹسٹ، ٹیکنیکل افسر، اینالسٹ اور ماہرین کی بھرتی کا عمل مکمل ہو چکا ہے، انسداد دہشتگردی کی استعداد کار میں اضافہ اور کمیونیکیشن کے اطلاق کے لئے کنسلٹنٹس کی خدمات بھی حاصل کر لیں۔
جید علماء کی متفقہ دستخط شدہ دستاویزات کی بنیاد پر قومی بیانیہ تشکیل دیا گیا، پاکستان سے دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے نیکٹا اول دستے کے طور پر کام کرے گا، وزیر داخلہ نے نیکٹا افسران کو حالیہ دہشتگردی واقعات کے پیش نظر مؤثر پالیسی ترتیب دینے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں اس بات کا عزم کیا گیا کہ جامعہ پالیسیوں کے ذریعے اداروں کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مدد کرنا ہو گی، پاک وطن سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کا مکمل خاتمہ کریں گے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر خرم دستگیر سمیت سینیٹرز نے بھی شرکت کی، وفاقی سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری قانون، سیکرٹری دفاع اور سیکرٹری خزانہ بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ڈی جی آئی بی، ڈی جی ایف آئی اے سمیت دیگر حساس اداروں کے اعلیٰ افسران سمیت صوبائی آئی جیز اور ہوم سیکرٹریز اجلاس میں شریک ہوئے۔