(لاہور نیوز) وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہم نے پل صراط پر چل کر معیشت سنبھالنے کی کوشش کی، پاکستان ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل چکا ہے۔
پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ لاہور میں ہیپا ٹائٹس خاتمہ آ گاہی مہم تقریب کا انعقاد ہوا جس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے شرکت کی، تقریب سے خطاب میں وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے کہا کہ بہت سے ممالک ہیپاٹائٹس کا خاتمہ کر چکے ہیں، ہم ایٹمی طاقت ہیں، ہم بھی یہ کر سکتے ہیں لیکن ضروری ہے کہ پالیسیاں کم از کم دس سال چلیں، ہر شخص قومی فرض سمجھ کر اپنی ذمہ داری ادا کرے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے 15 ماہ میں ملک کو درست سمت میں لانے کی کوشش کی، جب ہم آئے تو شرطیں لگ رہی تھیں کہ پاکستان کب ڈیفالٹ ہوگا؟ ہم نے پل صراط پر چل کر فیصلے کئے اور پاکستان کو ڈیفالٹ کے خطرے سے نکالا، دوبارہ حکومت میں آئے تو اپنے منصوبے مکمل کریں گے۔
اس موقع پر پی کے ایل آئی کے چیئرمین ڈاکٹر سعید اختر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہیپا ٹائٹس کا خاتمہ خواب ہے، اگر مصر جیسے ملک یہ کام کر سکتے ہیں تو ہم بھی یہ کر سکتے ہیں، صرف مشن بنانے کی ضرورت ہے۔