نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی لاہور اور گوجرانوالہ کے چڑیا گھروں کی اپ گریڈیشن کی منظوری
(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ اجلاس میں لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد کے چڑیا گھروں کی اپ گریڈیشن اور ای ٹکٹنگ سسٹم متعارف کرانے کی اصولی منظوری دی گئی۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے لاہور زو میں فیملی پیکیج، سمر پیکیج اور دیگر پیکیجز متعارف کرانے کی ہدایت کی۔ لاہور کے چڑیا گھر میں 146 سے زائد نئے جانور لانے کی منظوری بھی دی۔ سری لنکا سے ہاتھی، آسٹریلیا سے کینگرو، چین سے پانڈا اور دیگر ممالک سے نئے جانور لائے جائیں گے۔
اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ چڑیا گھر میں جانوروں کے لئے ماڈرن کیج بنائے جائیں گے۔ شیر، چیتے، بھالو اور ریچھ کے لئے عالمی معیار کے پنجرے بنائے جائیں گے۔ لاہور کے سفاری پارک میں نائٹ سفاری شروع کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ سفاری زو میں افریقن ڈیزرٹ سفاری متعارف کرائی جائے گی۔ لاہور سفاری زو میں ایکوریم میں 142 اقسام کی سمندری حیات بھی رکھی جائیں گی۔ سفاری پارک میں جانوروں کی تعداد بڑھانے پر بھی زور دیا۔ لاہور زو کے ہل ٹاپ پر برڈ سفاری بنائی جائے گی۔ جلو پارک اور چھانگا مانگا زو کی اپ گریڈیشن کے لئے پلان طلب کر لیا گیا۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ فیصل آباد میں کلیم شہید روڈ پر 54 ایکڑ اراضی پر سفاری زو قائم ہو گا۔ گوجرانوالہ میں چڑیا گھر کے قیام کے لئے کمیٹی قائم کر دی گئی۔ صوبائی وزیر بلال افضل کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔ صوبائی وزیر بلال افضل، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکرٹریز سی اینڈ ڈبلیو، فنانس، جنگلات، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی جی وائلڈ لائف اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔