(لاہور نیوز) الحمرا آرٹس کونسل میں یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے تقریب ہوئی۔ تقریب میں گورنر پنجاب بلیغ الرحمن، کمشنر محمد علی رندھاوا اورڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر شریک ہوئے۔
الحمرا آرٹس کونسل کے زیراہتمام کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں کشمیریوں پر ہونے والے ظلم اور بربریت کےخلاف آواز اٹھائی گئی۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے آرٹس کونسل کا دورہ کیا اور اپنے خطاب میں کہا کہ مودی نے کشمیریوں کے خلاف ظالمانہ اقدام اٹھا کر کشمیر کی سڑکوں، چوک اور سکولوں پر قبضہ کیا۔ انہوں نے کہا5 اگست 2019 کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔ کشمیر کی خوبصورت وادیوں میں بھارت نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کیں۔ مودی کے دور اقتدار میں کشمیریوں پر بہت ظلم اور جبر کیے گئے۔ لوگ کہتے تھے مودی آ جائے تو مسائل حل ہو جائینگے مگر ایسا نہ ہوا۔ آزادی کی تحریک بہت پرانی ہے، جلد کشمیری آزادی کا سورج دیکھیں گے۔
حریت رہنما محمد مشتاق شاہ کا کہنا تھا کہ عالمی برادری مسئلہ کشمیر کو سنجیدہ لے۔
تقریب میں حریت رہنما محمد مشتاق شاہ، کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کی شرکت ہوئی۔ ڈی سی لاہور رافعہ حیدر، سیکرٹری انفارمیشن علی نواز ملک سمیت دیگر بھی شریک ہوئے۔
تصویری نمائش میں حصہ لینے والے آرٹسٹوں کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکمرانوں کو مقبوضہ کشمیر کے حقوق کیلئے آواز اٹھانی چاہیے۔
یوم استحصال کی تقریب کے موقع پر طلبہ نے ملی نغموں پر پرفارمنس پیش کرکے کشمیریوں کے ساتھ اظہاریکجہتی کیا۔