(ویب ڈیسک) ایک نئی تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ کمبوچا (ایک قسم کی چائے) پینے سے ٹائپ 2 ذیا بیطس میں مبتلا افراد کو خون میں شوگر کی مقدار کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
امریکا کی جارج ٹاؤن یونیورسٹی میں کی جانے والی تحقیق میں 12 افراد کو یہ مشروب چار ہفتوں تک روزانہ رات کے کھانے کے ساتھ پینے کے لیے کہا گیا۔ ان افراد نے مزید چار ہفتوں تک ایک اور مشروب بھی پیا جو دِکھنے میں اور ذائقے میں کمبوچا ہی کی طرح کا تھا تاکہ انہیں دونوں کے درمیان فرق محسوس نہ ہوسکے۔
چار ہفتوں تک کمبوچا پینے کے بعد رضاکاروں نے اپنے خون میں شوگر کی مقدار میں کمی کا مشاہدہ کیا جو دوسرا مشروب پینے کے نتیجے میں نہیں دیکھا جاسکا۔
تحقیق کے مطابق ایک ماہ تک کمبوچا کے استعمال کے بعد رضاکاروں کے خون میں شوگر کی اوسطاً مقدار 164 میلی گرام فی 100 ملی لیٹر خون سے کم ہو کر 116 ملی گرام تک آگئی تھی۔
تحقیق کے نتائج صرف سات افراد پر کیے گئے تجزیے پر مبنی ہیں، لہٰذا اس کے متعلق مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔
البتہ، جانوروں پر کی جانے والی تحقیق میں معلوم ہوا کہ کمبوچا پینے سے پیٹ میں صحت مند بیکٹیریا کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے، جو نتیجتاً استحالہ کے نظام کو متاثر کرسکتے ہیں اور خون میں موجود شوگر پر اثر انداز ہوسکتے ہیں۔
یہ مشروب بِیٹا خلیوں کو دوبارہ بنانے میں بھی مدد دے سکتے ہیں۔ یہ خلیے خون میں شوگر کی مقدار قابو میں رکھنے کے لیے انسولین ہارمون بناتے ہیں۔ لیکن شوگر قابو میں آنے کی ایک وجہ کمبوچا پینے کے سبب کم مقدار میں کھانے کا کھایا جانا ہوسکتی ہے۔
اس تحقیق کے شریک مصنف ڈاکٹر ڈین میرنسٹین کے مطابق یہ تحقیق ذیابیطس کے مریضوں میں کمبوچا کے اثرات کا جائزہ لینے کے لیے کیا جانے والا پہلا مطبی ٹرائل ہے۔ اس کے متعلق ابھی مزید تحقیقات کی ضرورت ہے لیکن اس تحقیق کے نتائج بہت حوصلہ افزا ہیں۔