(ویب ڈیسک) حکومت کی مدت ختم ہونے کا وقت قریب آتے ہی وزیر اعظم شہباز شریف نے الوداعی دعوتوں کا آغاز کر دیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے عسکری قیادت کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیا، وزیر اعظم کی جانب سے دیئے گئے عشائیے میں تمام سروسز چیفس نے شرکت کی، شہباز شریف نے وزیر اعظم ہاؤس آمد پر عسکری قیادت کا خیر مقدم کیا۔
ذرائع کے مطابق عشائیے کے دوران وزیر اعظم نے فورسز کے سربراہان کی کارکردگی کو سراہا اور ملک و قوم کیلئے خدمات پر ان کی تعریف کی، واضح رہے شہباز شریف کی جانب سے پہلی الوداعی دعوت سروسز چیفس کے اعزاز میں دی گئی ہے۔
قبل ازیں نگران وزیر اعظم کے تقرر کے معاملے پر مشاورت کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف نے سابق صدر آصف زرداری اور قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔
ٹیلی فونک رابطے میں نگران وزیراعظم کیلئے مجوزہ ناموں اور نگران سیٹ اپ پر مشاورت کی گئی اور آئین اور قانون کے مطابق نگران وزیر اعظم کے تقرر کا عمل مکمل کرنے پر اتفاق ہوا۔
نواز شریف اور آصف زرداری نے تمام نام آج اتحادیوں کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں حکمران اتحاد میں شامل جماعتوں کا آج مشاورت کا بھی امکان ہے، قائد حزب اختلاف راجہ ریاض کی صدارت میں اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ کا اجلاس بھی ہو گا۔