(لاہور نیوز) سٹی ٹریفک پولیس نے بغیر ہیلمٹ اور بغیر لائسنس سڑکوں پر آنے والے ڈرائیور حضرات کیخلاف کریک ڈاؤن تیز کردیا۔
سی ٹی او لاہور مستنصر فیروز نے کہا ہے کہ بلاتفریق گاڑی، موٹرسائیکل چلانے والوں کے لائسنس چیک کئے جائیں، کسی بھی ٹریفک قانون کی خلاف ورزی پر سب سے پہلے لائسنس چیک کیا جائے، لائسنس نہ ہونے کی صورت میں دیگر وائیلشنز کوڈ کیساتھ لائسنس نہ ہونے کا بھی جرمانہ کیا جائے۔
چیف ٹریفک آفیسر نے کم عمر ڈرائیورز کی گاڑی، موٹرسائیکل ان کے والدین کو بلا کر والدین کے حوالے کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی۔
سی ٹی او لاہور نے بتایا کہ رواں سال 11 لاکھ 80 ہزار 777 بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکلسٹ کیخلاف کارروائی کی گئی، بغیر لائسنس گاڑی، موٹرسائیکل چلانے پر 2 لاکھ 5 ہزار ڈرائیورز کیخلاف کارروائی عمل میں لائی گئی جبکہ 40 ہزار کم عمر ڈرائیورز کی موٹرسائیکلیں، گاڑیاں بند کروائی گئیں۔