(لاہور نیوز) پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین علامہ طاہر اشرفی نے گھریلو ملازمہ رضوانہ پر تشدد کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور رضوانہ کو انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ کیا رضوانہ پاکستان کی بچی نہیں ہے، کیا ملک میں غریب کیڑے مکوڑے ہیں؟ امیروں کیلئے عدالتیں رات کو بھی کھل جاتی ہیں غریب کی کہیں شنوائی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرا خیال تھا معاملے پر چیف جسٹس سو موٹو لیں گے، عدالت میں پانچ لاکھ سے زائد لوگوں کے مقدمات زیر التوا ہیں، اب انصاف چھٹیوں پر جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عاشورہ پر امن وامان کی فضا برقرار رکھی گئی، اس پر پولیس اورسلامتی کے اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، نظریاتی لڑائی نظریے کے ساتھ ہوتی ہے تخریب کے ساتھ نہیں، خیبر میں مسجد شہید کرنے کا واقعہ قابل مذمت ہے، مساجد امن کے گہوارے ہیں، ڈنمارک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی بھی شدید مذمت کرتے ہیں۔