(لاہور نیوز) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اگست کا پہلا ہفتہ ہی بہت اہم ہوگا اور سیاست کا رخ پتہ چل جائے گا، ان کی گوٹی پھنس گئی ہے اور یہ گوٹی ایسی پھنسی ہے کہ ان کو لینے کے دینے پڑ سکتے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 15 مہینوں میں حکومت نے ایک تنکا نہیں توڑا اس آخری ہفتے میں کون سی تلواریں چلا لیں گے، بھائی کو سفارتی پاسپورٹ دلوانے کے باوجود 15 مہینے میں نہیں لا سکے اب خدا جانتا ہے نواز شریف کس حال میں اور کب آئے گا۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ اسحاق ڈار کو جس تیزی سے لانچ کیا تھا وہ ٹریلر ہی چلا اور فلم سنسر بورڈ نے پاس نہیں کی، اب یہ پانچ آدمیوں کے نام جو دے رہے ہیں یہ نام اتنی آسانی سے سنسر بورڈ میں پاس نہیں ہوں گے، راجہ ریاض بھی اپنا کام ڈال سکتا ہے، اگست میں 85 رکنی کابینہ اور ان کے حکمران اپنے سائز اور اوقات میں آ چکے ہوں گے، ستمبر ستمگر ہوگا، سیاسی پارٹیاں جو توڑ پھوڑ کے عمل سے دوچار ہونے والی ہیں وہ کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ آخری ہفتے میں شہباز شریف نے جو افتتاحوں کا جمعہ بازار لگایا ہے دن میں ایک درجن سے زائد افتتاح کر کے کارکردگی کی جو ایک فوٹو گرافی کی جا رہی ہے نہ پیسے ہیں نہ وقت ، نہ ہی لوگ بیوقوف ہیں، اب لوگوں کو شعور آ چکا ہے ان کو پتا ہے کہ حقیقت کیا ہے اور دکھاوا کیا ہے، اب لوگ عزت نفس، اصول، سچائی اور حقیقت کو ووٹ دیں گے، چور بازاری اور دکھاوے کو کوئی ووٹ نہیں ملیں گے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے مزید کہا کہ سیاسی شکست اور سیاسی قبرستان ان کا مقدر ہوگا، عوام کو سب سمجھ ہے جو مایوسی اس پی ڈی ایم کو ملنے والی ہے اس کا اسے اندازہ ہے، اگر اللہ کو منظور ہوا اور میں زندہ رہا تو 13 اگست کی رات 10 بجے جشن آزادی لال حویلی کے باہر اسی جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے گا اور 12 بجکر 1 منٹ پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ ہوگا۔