(ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے وارنٹی میں پارٹس کی تبدیلی کو ناقابل ٹیکس قرار دے دیا۔
نجی کمپنی کو ایڈیشنل کلیکٹر کسٹمز نے جون2006 کو سال 2004-2005 کے ٹیکس چوری کے الزام پر اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیا۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ نوٹس وارنٹی میں تبدیل کیے گئے پارٹس پر سیلز ٹیکس نہ دینے پر جاری کیا گیا، نوٹس کا جواب دیا تاہم متعلقہ افسر نے سائل کو سیلز ٹیکس دینے کا ذمہ دار ٹھہرایا۔
درخواست گزار کا کہنا تھا کہ کلیکٹر کسٹم سیلز ٹیکس نے نومبر 2007 میں اپیل بھی خارج کی تھی، ٹربیونل نے بھی فروری 2010 میں درخواست خارج کردی تھی، وارنٹی میں تبدیل کیے گئے پارٹس پر کسٹمر سے قیمت وصول نہیں کی جاتی، وارنٹی گاڑی کی قیمت میں ہی شامل ہوتی ہے۔
لاہورہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ نے نجی کارکمپنی کی درخواست پر قانونی نکتہ طے کیا اور نجی کمپنی کی درخواست منظور کر لی، عدالت عالیہ نے قرار دیا ہے کہ وارنٹی میں پارٹس کی تبدیلی قابل ٹیکس نہیں۔
عدالتی فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ وارنٹی میں پارٹس کی تبدیلی گاڑی کی قیمت میں شامل ہوتی ہے جس پرپہلے ہی ٹیکس ادا ہوچکا ہوتا ہے۔