(لاہور نیوز) تیز بارشوں کے دوران شہر کی مرکزی شاہراہوں پر شگاف پڑنے کے واقعات رونما ہوئے تاہم کئی ہفتے گزرنے کے باوجود سڑکوں پر پڑے شگافوں کو بھرا نہیں جاسکا، شہر کی اہم شاہراہیں کئی روز سے جزوی بند ہیں جس سے ٹریفک روانی میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔
بارشوں کے باعث مین بلیوارڈ جوہر ٹاؤن ، پیکو روڈ اور کینال روڈ پر شگاف پڑے، تیز بارشوں کے دوران واسا کی بوسیدہ لائنیں بارشی پانی کا دباؤ برداشت نہ کرسکیں جس کی وجہ سے بارشی پانی کے تیز بہاؤ سے لائن کا کراؤن فیل ہونے سے شگاف پڑگئے۔
22 جولائی کو ہونے والی بارش میں شہر کی مرکزی شاہراہ کینال روڈ شگاف زدہ ہوگئی، لاہور کے سب سے بڑے سگنل فری کوریڈور پر تین شگاف پڑے، چھ دن گزرنے کے باوجود کینال روڈ پر پڑنے والے گڑھوں کی مرمت نہیں ہوسکی، کینال روڈ مسلم ٹاؤن کے قریب ابھی تک سڑک کو ٹریفک کے لیے بند رکھا گیا ہے۔
8 جولائی کی تیز بارش کے بعد لاہور کی ایک اہم شاہراہ پیکو روڈ بھی شگاف زدہ بن گئی، پیکو روڈ پر سڑک کے درمیان میں گڑھا پڑ گیا، ایل ڈی اے اور واسا انتظامیہ تاحال شگاف کی مرمت نہیں کرسکے، پیکو روڈ کو بھی ٹریفک کے لیے جزوی طور پر بند رکھا گیا ہے۔
ادھر 26 جون کو مین بلیوارڈ جوہر ٹاؤن پر بھی شگاف پڑنے کے واقعات رونما ہوئے تھے، ایک ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود مین بلیوارڈ جوہر ٹاؤن کے شگاف کی مرمت نہیں ہوسکی، جس کی وجہ سے اللہ ہو چوک سے شوکت خانم جانے والی سڑک گزشتہ ایک ماہ سے جزوی طور پر بند ہے۔