(لاہور نیوز) شہر میں یوم عاشور کے مرکزی جلوس کیلئے ٹریفک پلان جاری جبکہ ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی۔
یوم عاشور کے مرکزی جلوس کے راستوں پر 6 ڈی ایس پیز،110 ٹریفک انسپکٹرز، 140 پٹرولنگ افسران اور 1390 وارڈنز ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے، جلوس کے راستوں پر ایمرجنسی گاڑیوں کیلئے روٹ کلیئر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ 10محرم الحرام کے روز شہر میں ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
جلوس میں آنے والے زائرین کیلئے ناصر باغ ، سنٹرل ماڈل سکول، داتا دربار آئی ہسپتال،اور اڈا کراؤن پرپارکنگ کی سہولت مہیا کی گئی ہے۔
ٹریفک پلان کے مطابق شاہدرہ سے لوئر مال آنے والی ٹریفک کو آزادی فلائی اوور کے راستے ریلوے سٹیشن بھجوایا جائے گا، فیروز پور روڈ سے آنے والی ہیوی ٹریفک کو گلشن راوی بند روڈ کی طرف ڈائیورٹ کیا جائے گا، بند روڈ چوک سگیاں کی جانب سے کچہری چوک کی طرف ٹریفک کا داخلہ مکمل طور پر بند ہو گا۔
لاء کالج کی جانب سے اردو بازار کی طرف کوئی ٹریفک نہیں آنے دی جائے گی، اندرون سرکلر روڈ سے آنے والی تمام گاڑیوں کو چوک شاہ عالم سے میؤ ہسپتال کی جانب بھجوایا جائے گا۔