(لاہور نیوز) شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرنے کیلئے لاہور سمیت ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے جلوس نکالے جارہے ہیں، سکیورٹی کے خصوصی اور سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں، بیشتر شہروں میں جلوسوں کے راستوں پر موبائل فون سروس معطل رہے گی۔
لاہور میں 9ویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس پانڈو سٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہوا جس میں عزادار شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں، جلوس کے راستوں پر سخت سکیورٹی ہے، جلوس خیمہ سادات سے ہوتا ہوا واپس پانڈو سٹریٹ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔
لاہور میں نکلسن روڈ پر نویں محرم الحرام کے حوالے سے امام بارگاہ عطیہ اہل بیت سے شبیہ اور زیارت کا جلوس برآمد ہوگا، امام بارگاہ میں مجلس کا آغاز صبح ساڑھے 6 بجے ہوا ۔
پانڈو سٹریٹ اسلام پورہ سے آغاز کے بعد یہ جلوس سراج بلڈنگ پر مختصر پڑاؤ اور نماز ظہرین ادا کرے گا، پھر اسلام پورہ چوک، نیلی باغ چوک ، سول سیکرٹریٹ سے ہوتا ہوا پرانی انارکلی پہنچے گا جہاں نماز مغربین ادا کی جائے گی۔
اس کے بعد یہ مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ خیمہ سادات پراختتام پذیر ہوگا جہاں مجلس عزا ہوگی جس کے بعد شرکاء واپس اسی روٹ سے پانڈو سٹریٹ پہنچیں گے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے چیف سیکرٹری اور آئی جی پی پنجاب کے ہمراہ سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے جلوس کے مختلف مقامات کا دورہ کیا۔
کراچی میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس دوپہر ایک بجے نشترپارک سے برآمد ہوکر روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر میں اختتام پذیر ہوگا۔
پولیس کے مطابق شہر قائد میں جلوس کے ملحقہ راستے عام ٹریفک کیلئے مکمل بند کر دیئے گئے ہیں، جلوس کے برآمد ہونے سے قبل بم ڈسپوزل سکواڈ روٹ کی سرچنگ کرے گا، سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے روٹ پر نظر رکھی جائے گی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جلوس کے راستے پر جگہ جگہ پولیس اور رینجرز اہلکار تعینات ہیں، روٹ کے اطراف کی بلند عمارتوں پر بھی رینجرز اور پولیس اہلکار تعینات ہوں گے، محرم الحرام کے دوران 10 ہزار سے زائد اہلکار سیکیورٹی پر تعینات کئے گئے ہیں۔
اسلام آباد میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس جی 6 امام بارگاہ سے برآمد ہوگا، جلوس کے راستوں کو خار دار تاریں، ٹینٹ اور کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا ہے، جلوس کی سکیورٹی پر ایک ہزار 685 اہلکاراور افسران تعینات ہوں گے۔