(لاہور نیوز) لاہور کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ رات گئے سے جاری ہے، مسلسل بارش کی وجہ سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے ۔
لاہور کے مختلف علاقوں لال پل، مغلپورہ، ہربنس پورہ، دھرم پورہ، صدر بازار، جوڑے پل، بھٹہ چوک، رنگ روڈ، جوہر ٹاؤن، اقبال ٹاؤن، بند روڈ، شاہدرہ ، بیگم کوٹ میں بادل مسلسل برس رہے ہیں۔
مال روڈ، فیروزپور روڈ، ٹھوکر نیاز بیگ، کوٹ لکھپت، جناح ہسپتال، جنرل ہسپتال اور ایئرپورٹ سمیت شہر کے علاقے میں بھی رم جھم نے موسم خوشگوار بنا دیا۔ بارش کی وجہ سے لیسکو کے متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے جس کی وجہ سے کئی علاقے بجلی کی فراہمی سے محروم ہیں۔
مسلسل بارش کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونا شروع ہو گیا ہے۔ بارش کے باعث واسا، ضلعی انتظامیہ ، ریسکیو 1122 سمیت متعلقہ ادارے بھی ہائی الرٹ ہیں۔ اداروں کو فوری نکاسی آب کے انتظامات کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
لاہور کی طرح کراچی، اسلام آباد، راولپنڈی سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کا سپیل آئندہ ہفتے بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔