(لاہور نیوز) ڈاکٹرز ہسپتال میں ورلڈ ہیپاٹائٹس ڈے کی مناسبت سے آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا، ڈاکٹرز ہسپتال میں ہیپاٹائٹس سکریننگ کیمپ بھی لگایا گیا، کیمپ میں شہریوں نے بڑی تعداد میں اپنی سکریننگ کروائی۔
ہسپتال کے ایڈمن بلاک سے ایمرجنسی وارڈ تک واک کی گئی، آگاہی واک میں پروفیسر انوار اے خان، پروفیسر غیاث النبی طیب ،ایم ایس ڈاکٹر محمود صلاح الدین، فیکلٹی ممبرز اور ڈاکٹرز کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔
ماہر امراض معدہ و جگر پروفیسر غیاث النبی طیب نے کہا کہ پاکستان میں ہیپاٹائٹس سی بہت تیزی سے پھیل رہا ہے، دنیا میں ہیپاٹائٹس سی میں پاکستان دوسرے نمبر پر ہے، ہیپاٹائٹس سی کی روک تھام اور آگاہی کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا چاہیے۔
ماہر امراض معدہ و جگر پروفیسر انوار اے خان کا کہنا تھا کہ ہیپاٹائٹس سی کی وجہ سے ہزاروں مریضوں کو جگر کے ٹرانسپلانٹ کی ضرورت ہے، بروقت ٹرانسپلانٹ نہ ہونے سے ہر سال سیکڑوں مریض جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔
طبی ماہرین نے کہا کہ انجکشن لگواتے وقت نئی سرنج کا استعمال یقینی بنایا جائے، بروقت تشخیص اور علاج سے ہیپاٹائٹس سے نجات ممکن ہے۔