(ویب ڈیسک) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے قومی ایئرلائن کی تنظیم نو کرنے کی منظوری دیدی۔
پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس کراچی میں ہوا۔ ذرائع کے مطابق مالی مشکلات کے باعث پی آئی اے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری نہ ہو سکی۔
پی آئی اے کی تنظیم نو سے متعلق انتظامیہ نے بورڈ کو بریفنگ دی، پی آئی اے بورڈ نے ایئر لائن کی تنظیم نو کرنے کی منظوری دے دی، بورڈ نے تنظیم نو کا مربوط پلان تیار کرنے کی ہدایت بھی کر دی۔
ایئرلائن ذرائع کے مطابق تنظیم نو منصوبہ میں پی آئی اے کو دو حصوں میں تقسیم کر دیا جائے گا، قرضے، نان کور شعبہ جات اور غیرضروری ملازمین کو پی آئی اے کے پہلے حصہ میں رکھا جائے گا، پی آئی اے کے دوسرے حصہ میں طیارے، تمام منافع بخش اثاثے اور کور شعبہ جات رکھے جائیں گے۔
پی آئی اے کے دوسرے حصہ میں ملازمین کی تعداد کم رکھی جائے گی، تنظیم نو کے تحت پی آئی اے کے پہلے حصے کو بتدریج ختم کر دیا جائے گا، پی آئی اے کی یورپ برطانیہ اور امریکا کیلئے پروازوں کی بحالی کے اقدامات پر بورڈ نے اطمینان کا اظہار کیا۔
ذرائع کے مطابق یورپی ایوی ایشن ایجنسی ایاسا کی ٹیم فزیکل آڈٹ کے لیے ستمبر میں پاکستان آئے گی، ایاسا کے آڈٹ کیلئے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔
پی آئی اے کے طیاروں میں ان فلائٹ انٹرٹینمنٹ منصوبے پر بھی بورڈ کوبریفنگ دی گئی، ان فلائٹ انٹرٹینمنٹ سسٹم بین الاقوامی معیار کے تحت ہو گا۔