(لاہور نیوز) ہائرایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ (ایچ ای ڈی) پنجاب نے پری انجینئرنگ، پری میڈیکل ،آئی کام اور آئی سی ایس کے بعد ایک نیا گروپ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پروفیشنل کے نام سے نئے گروپ میں دس کے قریب مضامین شامل ہوں گے۔
نئے دور کے نئے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ میں نیا گروپ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، نئے مضامین کے لیے نئے ٹیچرز بھی بھرتی کیے جائیں گے،نئے گروپ میں شامل مضامین کی بدولت طلبہ کو فوری روز گار بھی ملے گا۔
سائنس و آرٹس میٹرک میں پروفیشنل کے نام سے نیا گروپ متعارف کروایا جائے گا، انٹرمیڈیٹ میں بھی پری میڈیکل، انجینئرنگ، آئی سی ایس اور آئی کام آرٹس کے بعد پروفیشنلز کا گروپ تشکیل دیا جا رہا ہے۔
ڈی پی آئی کالجز ڈاکٹر عنصر کا کہنا ہے کہ لاہور بورڈ سے اس حوالے سے مشاورت جاری ہے، 10کے قریب نئے سبجیکٹ متعارف کروائے جا رہے ہیں، طلباء و طالبات آئندہ سال نئے گروپ سے مستفید ہو سکیں گے۔