(لاہور نیوز) لاہور پولیس نے قتل، اندھے قتل اور دیگر وارداتوں میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا، ڈکیت گروہوں کے متعدد ملزم بھی پکڑے گئے۔
ایس پی انویسٹی گیشن کینٹ ارسلان زاہد نے تھانہ شمالی چھاؤنی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ تھانہ ڈیفنس اے کی حدود میں شوہر کے قتل میں ملوث خاتون رانی کو ساتھی محسن بھٹی اور دیگر دو ملزمان شہزاد اور اجمل سمیت گرفتار کر لیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ تھانہ شمالی چھاؤنی کی حدود میں سوتیلی ماں اور اس کی بہن کو قتل کرنیوالا ملزم حسن بھی قانون کی گرفت میں آگیا، ملزم نے جائیداد ہتھیانے کیلئے دوہرے قتل کی واردات کی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ تھانہ مناواں کی حدود میں 20 سالہ نوجوان شفقت علی کے اندھے قتل میں ملوث ملزم بھی پولیس کے ہتھے چڑھ گیا،ملزم عتیق نے چند روز قبل فائرنگ کر کے شفقت کو قتل کر دیا تھا۔
ایس پی انویسٹی گیشن نے مزید بتایا کہ ڈکیتی اور نقب زنی کی وارداتوں میں ملوث متعدد ملزمان پکڑے گئے ہیں، ملزمان کے قبضے سے لاکھوں روپے نقدی اور دیگر مسروقہ سامان برآمد کیا گیا ہے۔