بارش کا 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، واسا کے دعوے پر محکمہ موسمیات نے سوالات اٹھا دیے
(لاہور نیوز)5 جولائی کو لاہور میں ہونے والی موسلا دھار بارش پر واسا کی جانب سے کیے گئے دعوے پر محکمہ موسمیات نے سوالات اٹھا دیے۔
5 جولائی کو گھنٹوں جاری رہنے والی بارش کے بعد واسا کی جانب سے جاری اعدادوشمار میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ لاہور میں بارش کا تیس سال پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔
واسا کے دعوے پر محکمہ موسمیات نے سوالات اٹھا دیے ہیں، ڈائریکٹر محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ واسا کے پاس ریکارڈموجود ہے نہ ہی بارش چیک کرنیوالے آلات درست ہیں، جولائی 1980 میں 24 گھنٹوں میں ایئر پورٹ پر 332.5 ملی میٹر بارش ہوئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ 43 برس قبل ہونیوالی بارش کا ابھی تک ریکارڈ نہیں ٹوٹ سکا، لاہور میں 5 جولائی کو اتنی بارش نہیں ہوئی کہ 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہو، ہمارے پاس شہر میں بارش کا 2 سو سال پرانا ریکارڈ موجود ہے۔
دوسری جانب واسا اپنے مؤقف پر قائم ہے، ایم ڈی واسا کا کہنا ہے لکشمی چوک میں آٹھ گھنٹے تیس منٹ میں 291 ملی میٹربارش ہوئی ۔
ایم ڈی واسا نے محکمہ موسمیات کی استعدادکار پر بھی سوال اٹھا دیا،انہوں نے کہا محکمہ موسمیات کے پاس بارش ماپنے کے صرف 2 گیجز ہیں اور ہمارے پاس 18 گیجز ہیں۔ واسا حکام نے گزشتہ تیس سال کے اعدادوشمار بھی جاری کر دئیے۔