(لاہور نیوز) رحمانی اسلامک سنٹر ماڈل ٹاؤن میں آل پارٹیز قومی امن سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
امیر جماعت اہلحدیث پاکستان حافظ عبدالوہاب روپڑی اور حافظ عبدالغفار روپڑی نے میزبانی کی۔ امن کانفرنس میں علامہ طاہر اشرفی ، سیف اللہ خالد، علامہ عبدالرب مجاہد، علامہ مشتاق جعفری، علامہ رمضان سیالوی ، مخدوم عاصم محمود، علامہ رشید ترابی اور علامہ شکیل الرحمن ناصر نے بھی شرکت کی۔ علمائے کرام نے امن و اتحاد کے لئے پیش کی گئی 10 نکاتی قرار داد کی حمایت کی۔
پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ ہمیں محبت اور امن پھیلانے والا بننا چاہیے۔ کوئی بھی فتنہ پھیلانے والی بات کرے گا تو اس کے خلاف کارروائی ہو گی۔ محرم الحرام میں امن، محبت، رواداری کو برقرار رکھنا ہے۔
سیکرٹری اوقاف پنجاب طاہر رضا بخاری نے کہا کہ محرم میں اتحاد بین المسلمین کمیٹی کا فریم ورک تیار کر لیں گے۔ کمیٹی میں معتبر علمائے کرام اور ریسرچرز شامل ہوں گے۔ ہر مکتبہ فکر کو شامل کر کے رواداری کو فروع دیں گے۔
امیر جماعت اہلحدیث پاکستان عبدالغفار روپڑی نے کہا کہ امن سیمینار کا یہی پیغام ہے کہ ہم سب ایک ہیں۔ امن کے قیام کیلئے تمام مسالک کو ساتھ دینا ہو گا۔