(لاہور نیوز) لاہور میں کرنٹ لگنے سے 2 بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق اور ایک بچے سمیت 2 افراد زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق ڈیفنس کے علاقے میں ایک شخص کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔ ریسکیو 1122 کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت 32 سالہ سلمان کے نام سے ہوئی ہے۔ بارش کے باعث 32 سالہ شخص کو سوئچ سے کرنٹ لگا۔ لاش کو مردہ خانے منتقل کر دیا گیا۔ قلندر پورہ مین بازار میں ایک شخص کرنٹ لگنے سے ہلاک ہو گیا۔ متوفی کی عمر 30 سال ہے۔ متوفی کی شناخت جواد ولد اشرف کے نام سے ہوئی۔ لاش کو مناواں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے واقعہ کی قانونی کارروائی جاری ہے۔
ادھر لاہور کے علاقے ہربنس پورہ میں بجلی کے سوئچ بورڈ سے کرنٹ لگنے کے باعث ایک نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا۔ کرنٹ لگنے سے ہلاک ہونے والے نوجوان کی شناخت 28 سالہ اعجاز کے نام سے ہوئی ہے۔ ریسکیو ٹیموں نے واقعہ کی اطلاع ملنے پر متاثرہ شخص کو ہسپتال منتقل کیا جہاں پر اسکی حالت نازک بتائی گئی۔ پولیس نے لاش کو قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا۔
دوسری طرف دھوبی محلہ چرر پنڈ میں کرنٹ لگنے سے دو بچے جاں بحق، ایک زخمی ہو گیا۔ ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے واقعہ کا نوٹس لے لیا اور اے سی کینٹ کو موقع پر پہنچنے کا حکم دیا۔
ترجمان ڈی سی لاہور کا کہنا ہے بچے بارش کے پانی میں نہاتے ہوئے قریبی کھمبے میں آئے اور کرنٹ کی زد میں آئے۔ 8 سالہ زبیر اور 12 سالہ فیضان موقع پر جاں بحق اور 10 سالہ سالک ظہیر زخمی ہے۔ زخمی بچے کا جنرل ہسپتال میں علاج جاری ہے۔ ڈی سی لاہور کی ہدایت کے مطابق اے سی کینٹ زخمی بچے کو ہر ممکن طبی سہولت کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔
ترجمان ڈی سی لاہور نے جاں بحق ہونے والے بچوں کے خاندان سے دلی دکھ اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
اس کے علاوہ ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب شہری کو بجلی کے کھمبے سے کرنٹ لگ گیا۔ ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی، زخمی کو ابتدائی طبی امداد دی گئی۔ متاثرہ شخص کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نا لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔ متاثرہ شخص کی شناخت نا ہو سکی، عمر 30 سے 35 سال کے قریب ہے۔