پنجاب کابینہ کمیٹی کا اندرون شہر کا دورہ، محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ
(لاہور نیوز) پنجاب کابینہ کی لاء اینڈ آرڈر کمیٹی کے اراکین نے رات گئے اندرون شہر لاہور میں محرم الحرام کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا، قائمہ کمیٹی کے اراکین کو محرم الحرام کے حوالے سے انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔
چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر منصور قادر کی سربراہی میں صوبائی وزراء عامر میر، اظفر علی ناصر، ڈاکٹر جمال ناصر اور ڈاکٹر جاوید اکرم نے جلوس کے روٹس کا دورہ کیا۔
صوبائی وزراء نے بھاٹی گیٹ سے کربلا گامے شاہ تک جلوس کے روٹس پر دورہ کر کے حفاظتی انتظامات کا خود جائزہ لیا۔
وزیر اطلاعات عامر میر کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت محرم الحرام کی تقریبات کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرے گی، محرم الحرام کے روٹس کی سکیورٹی کیمروں سے نگرانی کی جائے گی، محرم الحرام کی تقریبات کو مانیٹر کرنے کے لیے سنٹرل کنٹرول روم قائم کیا جارہا ہے، محرم کے جلوسوں اور مجالس کی جگہوں پر روشنی کا بہترین انتظام کیا جائے گا۔