(لاہور نیوز) لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی کی جانب سے ٹیکسٹائل ڈیزائن ڈگری شو کا انعقاد کیا گیا۔
نمائش کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شگفتہ ناز نے کیا۔ طالبات نے اپنے منفرد تھیسز کی نمائش کی۔ طالبات نے اپنے کام میں ڈیجیٹل پرنٹنگ، سکرین پرنٹنگ، لیزر کٹ، کڑھائی اور دیگر میڈیم استعمال کئے۔ رنگارنگ نمائش 20 جولائی تک جاری رہے گی۔
لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر شگفتہ ناز کا کہنا تھا کہ طالبات نے جدید اور روایتی تکنیک استعمال کر کے منفرد ڈیزائنز میں خوبصورت اشیاء بنائیں۔ اس طرح کی نمائش کا مقصد طالبات کو صنعت اور دیگر تعلیمی اداروں سے منسلک ہونے کا موقع فراہم کرنا ہے۔
طالبات کا کہنا ہے کہ یہ ہماری برسوں کی محنت ہے۔ آج ہم اس قابل ہو سکے ہیں کہ ہمارا کام یہاں نمائش کے لیے لگایا گیا ہے۔ طالبات کے منفرد ڈیزائن ہر ایک کی توجہ کا مرکز نظر آئے۔
نمائش میں لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی کی طالبات اور فیکلٹی ارکان کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور ایونٹ کو شاندار قرار دیا۔