(لاہور نیوز) حالیہ بارشوں کے پیش نظر شہر کے چار لاکھ 60 ہزار سٹریٹ لائٹس پوائنٹس میں سے ایک لاکھ 30 ہزار سے زائد پوائنٹس بند ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
لاہور کی 274 یوسیز کے بند لائٹ پوائنٹس کو مرمت کرنے کے لیے 4 سو الیکٹریشنز پھٹے دستانوں سے کام کرنے پر مبجور ہیں۔ الیکٹریشنز کو کرنٹ لگنے کے واقعات رونما ہونے لگے، نئی دس گاڑیوں کا اضافہ بے سود رہا۔
حالیہ بارشوں کے پیش نظر چار سو الیکٹریشنز کی جان خطرے میں پڑ گئی۔ کروڑوں کے فنڈز سے الیکٹرک سیفٹی کٹس نہ خریدی جا سکیں۔ ناکارہ لائٹس کو ٹھیک کرنے والے الیکٹریشنز کی جان غیرمحفوظ ہے۔ الیکٹرک سیفٹی جیکٹس، سیفٹی ہیلمٹس،سیفٹی گلوز نہ مل سکے۔
لکڑی کی سیڑھی، شاک پروف پلاس اور شوز کی فراہمی نہ کی جا سکی۔ لاہور ہیڈکوارٹر میں چھ الیکٹریشنز اور دس ہیلپرز حفاظتی سامان سے محروم ہیں۔ داتا گنج بخش زون میں 22، اقبال زون میں 40 الیکٹریشنز و ہیلپرز حفاظتی سامان سے محروم ہیں۔ راوی زون کے 40 اور گلبرگ زون کے 40 الیکٹریشنز حفاظتی سامان سے محروم ہیں۔ اس کے علاوہ نشتر زون میں 40 اور شالامار زون میں 40 الیکٹریشنز حفاظتی سامان سے محروم ہیں۔ عزیز بھٹی زون میں 40، واہگہ زون میں 40 الیکٹریشنز، سمن آباد زون کے 50 الیکٹریشنز حفاظتی کٹس سے محروم ہیں۔ ذرائع کے مطابق 20 الیکٹریشنز دوران ڈیوٹی کرنٹ لگنے سے ہسپتال جا چکے ہیں۔
3 گاڑیاں ہیڈکوارٹر، 4 گاڑیاں مختلف زونز میں جبکہ دو گاڑیاں ناکارہ ہو گئیں۔ چار ماہ گزرنے کے باوجود حفاظتی کٹس کی فراہمی یقینی نہ بنائی جا سکی۔
کمشنر لاہور کا کہنا ہے افسران کو اپنی ڈیوٹی بخوبی نبھانی ہو گی۔ سامان کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ہدایات دے دی ہیں۔