(ویب ڈیسک) پاکستان کے شاہین اور سری لنکن شیر آج سے گال میں پہلے ٹیسٹ میچ میں پنجہ آزمائی کریں گے۔
پہلے ٹیسٹ میچ کے ساتھ ہی پاکستانی ٹیم کا 24- 2023 انٹرنیشنل سیزن بھی شروع ہو جائے گا جو خاصا مصروف اور چیلنجنگ ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق گال میں کھیلا جانے والا یہ ٹیسٹ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ25 ۔2023 میں پاکستانی ٹیم کا پہلا ٹیسٹ بھی ہے، اس سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ 24 جولائی سے کولمبو میں کھیلا جائے گا۔
اس انٹرنیشنل سیزن میں پاکستانی ٹیم کو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے میچوں کے علاوہ ایشیا کپ، کرکٹ ورلڈ کپ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی حصہ لینا ہے، تینوں فارمیٹ میں مسلسل کرکٹ کے پیش نظر بابراعظم اور ان کی ٹیم گال ٹیسٹ میں ایک اچھے آغاز کی توقع رکھے ہوئے ہے، گال نتیجے کے اعتبار سے پاکستان اور سری لنکا کے لیے ملا جلا رہا ہے، یہاں کھیلے گئے سات ٹیسٹ میچوں میں سری لنکا نے چار ٹیسٹ جیتے ہیں جبکہ پاکستان نے تین کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
سری لنکا نے 2000ء میں اننگز اور 163 رنز سے 2015ء میں دس وکٹوں سے اور گزشتہ سال چار وکٹوں سے ٹیسٹ جیتا تھا، گزشتہ سال پاکستانی ٹیم نے گال میں 342 رنز کا ہدف عبور کر کے کامیابی حاصل کی تھی۔
پاکستانی ٹیم کے موجودہ سکواڈ میں 13 کھلاڑی وہ ہیں جنہوں نے گزشتہ سال سری لنکا کا دورہ کیا تھا، تین نئے کھلاڑی آل راؤنڈر عامرجمال، سپنر ابرار احمد اور بیٹر محمد حریرہ ہیں۔
پاکستانی ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ ٹیم کی ریڈ بال فارمیٹ میں واپسی پر وہ بہت پرجوش ہیں، تمام نظریں گال ٹیسٹ پر ہیں اور وہ اس چیلنج کے لیے تیار ہیں، فی الحال وہ ایک وقت میں ایک چیز کے بارے میں سوچ رہے ہیں لیکن ہمیں تمام فارمیٹس میں مستقل مزاجی دکھانا ہوگی۔
بابراعظم کا کہنا ہے کہ گال ٹیسٹ کا ایک مثبت پہلو یہ ہے کہ ہمارے 13 کھلاڑی گزشتہ سال یہاں آچکے ہیں، سپنر ابرار احمد ہمارے کامبی نیشن میں ایک اچھے آپشن کے طور پر سامنے آئے ہیں اور یہ دورہ ان کے لیے سیکھنے کا بہترین موقع ہوگا۔
گال ٹیسٹ کے لیے قومی سکواڈ میں بابراعظم ( کپتان )، محمد رضوان، عامرجمال، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، حسن علی، امام الحق، محمد حریرہ، محمد نواز، نسیم شاہ، نعمان علی، سلمان علی آغا، سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی، سعود شکیل اور شان مسعود شامل ہیں۔
سری لنکا کی ٹیم میں دیموتھ کرونا رتنے ( کپتان )، نشان مدوشکا، کوسال مینڈس، انجیلو میتھیوز، دنیش چندی مل، دھنن جایا ڈی سلوا، پاتھون نسانکا، سدیرا سمارا وکرما، کامندو مینڈس ، رمیش مینڈس، پرابتھ جے سوریا، پراوین جے وکرما، کاسون راجیتھا، دلشن مدوشناکا، وشوا فرنینڈو اور لکشیتھا مانا سنگھے شامل ہیں۔