(لاہورنیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ انتخابات کے بعد مستحکم حکومت کا قیام اولین معاشی ضرورت ہے۔
اپنے ایک بیان میں ن لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ آئندہ الیکشن 2017ء کی مردم شماری کے مطابق ہوں گے یا 2023ء کی نئی مردم شماری کے مطابق ہوں گے اس کا حتمی فیصلہ آئین اور قانون کی روشنی میں الیکشن کمیشن کرنے کا مجاز ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبوں کی درخواست پر مردم شماری کا وقت بار بار آگے بڑھانا پڑا اس لیے اصل شیڈول جس کے مطابق مردم شماری کو 30 اپریل تک مکمل ہونا تھا وہ شیڈول متاثر ہوا ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت اپنی مدت بڑھانا نہیں چاہتی، وزیر اعظم شہباز شریف صاف کہہ چکے ہیں کہ آئینی مدت مکمل ہونے پر حکومت چھوڑ دیں گے، اس کے بعد الیکشن کمیشن کا کام ہے کہ وہ آئینی تقاضوں کے مطابق انتخابی شیڈول جاری کرے۔