(ویب ڈیسک) یوٹیلیٹی سٹورزکارپوریشن نے مہنگی ترین چینی خریدنے کی تیاری کر لی،فی کلو122 کی بولی مستردکر کے130 روپے کلو پرچینی خریدنے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یوٹیلٹی سٹورز ذرائع نے بتایا کہ دستیابی یقین بنانے کیلئے چینی خریدنے کے سوا کوئی آپشن نہیں، فی کلو 130 روپے کی موصول بولی پر چینی خریدنے کا ارادہ ہے۔
ذرائع یوٹیلٹی سٹورز کے مطابق ابھی تک چینی خریدنے کا حتمی فیصلہ نہیں ہوا،جے ڈی ڈبلیو شوگر ملز نے130 روپے فی کلو کے حساب سے بولی دی، یہ بولی 10 ہزارمیٹرک ٹن چینی کیلئے موصول ہوئی۔
ذرائع کے مطابق کارپوریشن نے حال ہی میں 122 روپے کلو کی موصول بولی مسترد کردی تھی۔ ذرائع یوٹیلٹی سٹورز کے مطابق یوٹیلیٹی سٹورز پرچینی کا سٹاک ختم ہوچکا، شہری سستی چینی سے محروم ہیں اوراوپن مارکیٹ سے مہنگی چینی خریدنے پر مجبور ہیں۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت وزیراعظم پیکچ کے تحت چینی پر بھاری سبسڈی دے رہی ہے، حکام کے مطابق بی آئی ایس پی مستحقین کیلئے چینی کی قیمت70روپے فی کلو مقرر ہے،دیگر شہریوں کیلئے یوٹیلیٹی سٹورز پرچینی کی قیمت91 روپے کلو مقرر ہے۔