(لاہور نیوز) سوتیلی ماں کے قتل میں ملوث ملزم دو ساتھیوں سمیت قانون کی گرفت میں آگیا، پولیس نے ملزمان سے آلہ قتل اور دیگر سامان برآمد کر لیا۔
ایس پی انویسٹی گیشن اقبال ٹاؤن عقیلہ نیاز نقوی نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس میں بتایا کہ انویسٹی گیشن سبزہ زار پولیس نے خاتون کے اندھے قتل میں ملوث سوتیلے بیٹے کو 2 ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملزم مدثر نے شوٹرز شاہد اور گلباز کے ذریعے اپنی سوتیلی ماں کنول زہرہ کو قتل کروایا، مقتولہ کنول زہرہ پیشہ کے لحاظ سے نرس تھی اور نجی ہسپتال میں ملازمت کرتی تھی، ملزم مدثر نے قتل کیلئے شوٹرز کو 4 لاکھ روپے ادا کیے۔
ایس انویسٹی گیشن کا مزید کہنا تھا کہ ملزم کے والد کا جھکاؤ اس کی سوتیلی ماں کی طرف تھا جس کا اسے رنج تھا، گرفتار ملزم مدثر لاء کا طالب علم ہے، جس سے آلہ قتل پسٹل اور موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی ہے۔