(لاہور نیوز) عالمی بینک نے پنجاب میں خاندانی منصوبہ بندی کے پروگرام کیلئے 10 کروڑ ڈالر کی امداد کی منظوری دے دی ہے۔
پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بن حسائن نے کہا ہے کہ عالمی بینک کے ایگزیکٹوبورڈ نے پنجاب میں خاندانی منصوبہ بندی کی خدمات میں بہتری لانے کیلئے 10 کروڑ ڈالرکی امداد کی منظوری دی ہے، پروگرام کا بنیادی مقصد 2030 تک پنجاب میں تولیدی صحت اور خاندانی منصوبہ بندی کے طریقوں کو 60 فیصد کی سطح پر پہنچانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کیلئے اہم پروگرام ہے کیونکہ ملک کی آبادی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جس سے ترقی اور نمو کی رفتار سست ہو رہی ہے، پروگرام کے تحت خاندانی منصوبہ بندی کی خدمات کی مفت فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اور بہبود آبادی کے حوالے سے آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی۔
ناجی بن حسائن کا کہنا تھا کہ پنجاب کے بعض اضلاع میں پہلے سے پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا گیا ہے جس کے مثبت اثرات سامنے آئے ہیں، عالمی بینک کی معاونت سے یہ پروگرام پنجاب کے تمام اضلاع میں صوبائی محکمہ بہبود آبادی اور محکمہ صحت کے تعاون سے آگے بڑھایا جائے گا۔