کمشنر لاہور صبح سویرے ستلج فلڈ ریلیف کیمپ تلوار پوسٹ پہنچ گئے، انتظامات کا جائزہ
(لاہور نیوز) کمشنر لاہور ڈویژن محمد علی رندھاوا صبح سویرے ستلج فلڈ ریلیف کیمپ تلوار پوسٹ پہنچ گئے اور لوگوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی اور فلڈ ریلیف کیمپس کا جائزہ لیا۔
کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کا کہنا ہے کہ لوگوں کے جان و مال اور مویشیوں کی محفوظ مقام منتقلی پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا۔
اس موقع پر کمشنر لاہور کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلعی انتظامیہ نے کمال پورہ سمیت کئی دیہات میں ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا، دیگر دیہات میں کام جاری ہے۔ واسا، ریسکیو ایمرجنسی 1122،ریونیو، پولیس، ضلع کونسل، پولیس و دیگر محکمہ جات آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ گنڈا سنگھ والا دریائے ستلج میں 106620 کیوسک پانی ہے اور گیج 21.60 ہے، لوگوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی کے لئے گرینڈ آپریشن تین دن سے جاری ہے، 70 سے زائد کشتیاں اور دیگر مشینری آپریشن کے لیے استعمال کی جا رہی ہے۔
کمشنر لاہورمحمد علی رندھاوا نے کہا کہ حکومت پنجاب اور پی ڈی ایم اے لوگوں کی مدد اور ریلیف کیلئے مکمل طورپر آپ کے ساتھ ہیں ، وسائل کی کوئی کمی نہیں ہوگی۔ کمشنرلاہور نے ہدایت کی کہ لوگوں کو ریسکیو و ریلیف کیلئے محکموں کے عملے کی تعداد کو ضرورت کے مطابق بڑھائیں۔
کمشنر لاہور نے ریلیف کیلئے تمام محکموں کے تعینات عملہ سے ملاقات کی اور اب تک کی ریلیف سرگرمیوں کا تفصیل سے جائزہ لیا۔
کمشنر لاہور ڈویژن نے سیلاب متاثرین سے بھی ملاقات کی اورعلاقوں کا جائزہ لیا۔ ایڈیشنل کمشنر عبدالسلام عارف ، ڈپٹی کمشنر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اور اسسٹنٹ کمشنرز بھی موجود تھے۔ کمشنر محمد علی رندھاوا نے مختلف محکموں کی طرف سے لگائے گئے کیمپوں میں بھی سہولیات کا جائزہ لیا۔