(لاہور نیوز) وفاقی وزیر ایاز صادق نے کہا ہے کہ نواز شریف کو لینے جلد لندن جاؤں گا، نواز شریف الیکشن سے پہلے آئیں گے، ستمبر میں آنے کے بارے میں ابھی کچھ کہہ نہیں سکتا۔
دنیا نیوز کے پروگرام "نقطہ نظر" میں گفتگو کرتے ہوئے ایاز صادق نے کہا کہ 13 اگست کو حکومت کی مدت ختم ہو جائے گی، مدت ختم ہونے کے بعد ایک منٹ بھی ہماری حکومت نہیں رہے گی، الیکشن اپنے وقت پر ہونے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ 9 مئی کو پی ٹی آئی والے جس حد تک گئے کسی پارٹی کا ان سے اب مذاکرات کا ارادہ نہیں، ہم نے کبھی تھانے، بکتربند گاڑیوں، مجسموں کو نہیں جلایا، 9 مئی کا پلان ٹارگٹڈ تھا، ان لوگوں سے کیا بات ہو گی۔
ایاز صادق نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے حوالے سے چیزوں کو بہتر کیا جا رہا ہے، پریزائڈنگ افسر کو رات 2 بجے تک نتائج دینے کی ڈیڈ لائن دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے نگران وزیراعظم کا کوئی نام تجویز نہیں کیا، اللہ کرے نگران وزیراعظم کوئی اچھی چوائس ہو۔