(لاہور نیوز) رہنما مسلم لیگ ن محسن شاہ نواز کا کہنا ہے 9 مئی کے واقعات میں ملوث کارکن جیلوں اور لیڈرز ایئر کنڈیشن کمروں میں ہیں۔
گورنمنٹ دیال سنگھ کالج میں اتحاد و یکجہتی میں نوجوانوں کے کردار پر خصوصی سیمینار ہوا۔ مسلم لیگ ن کے رہنما محسن شاہ نواز رانجھا نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
لیگی رہنما نے سیمینار سے خطاب میں کہا کہ نوجوان دیکھیں کہ کس وزیر اعظم کے دور میں زیادہ ترقی ہوئی۔ ہم نے نوجوانوں کو ڈنڈے نہیں تھمائے بلکہ لیپ ٹاپ دئیے۔
محسن شاہ نواز رانجھا نے مزید کہا کہ آج ملٹری کورٹس میں جن پر مقدمات چل رہے ہیں ان کا ذمہ دار ایک ہی شخص ہے۔ اگر وہ لیڈر ہے تو عدالت میں آکر ذمہ داری تسلیم کرے۔ عام کارکن جیل بھگت رہے ہیں اور لیڈر اے سی والے کمروں میں بیٹھے ہیں۔
لیگی رہنما محسن شاہ نواز رانجھا کا کہنا تھا کہ نوجوان ایسا لیڈر تلاش کریں جو تقسیم کرنے کے بجائے سب کو اکٹھا کرے۔
نون لیگ ٹیچر ونگ کے کوآرڈی نیٹر محمد مزمل، ڈی پی آئی کالجز اور ڈائریکٹر کالجز نے بھی سیمینار سے خطاب کیا۔