(لاہور نیوز) استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان سے جرمنی کے سفیر الفریڈ گرینس نے لاہور میں ملاقات کی، پاکستان اور جرمنی کے مابین باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر بات چیت کی گئی۔
جرمنی کے سفیر الفریڈ گرینس نے عبدالعلیم خان سے پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، الفریڈ گرینس نے کہا کہ سال2020ء سے پاک جرمن تجارت کا حجم 2.3 ارب یورو ہے، پاکستان سے ٹیکسٹائل، لیدر گارمنٹس، سرجیکل آلات اور چاول جرمنی جاتے ہیں۔
الفریڈ گرینس نے مزید کہا کہ جرمنی پاکستان کو مشینری، کیمیکل اور صنعتی آلات مہیا کرتا ہے، زراعت، فوڈ پراسیسنگ اور آئی ٹی سیکٹر میں دو طرفہ تعاون کی گنجائش موجود ہے۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے مابین تجارتی سرگرمیوں میں مزید اضافہ ہونا چاہیے، اقوام عالم میں جرمن قوم کی روایات لیڈرشپ اور قائدانہ صلاحیتوں پر مبنی ہیں۔
اس موقع پر جرمن سفیر نے کہا کہ پاکستان باالخصوص لاہور کی مہمان نوازی کا مداح ہوں، عبدالعلیم خان نے جرمنی کے سفیرالفریڈ گرینس کا پاکستان میں خیر مقدم اور نیک خواہشات کا اظہار کیا، صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے جرمن سفیر الفریڈ گرینس کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔