وزیراعظم کا تودے تلے دب کر جاں بحق ہونے والے بچوں کے ورثا کیلئے مالی امداد کا اعلان
(لاہور نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے مارتنگ ضلع شانگلہ میں تودے تلے دب کر جاں بحق ہونے والے 8 بچوں کے اہل خانہ کیلئے مالی امداد کا اعلان کر دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ہر جاں بحق بچے کے اہل خانہ کے لئے 10 لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا، تودہ گرنے سے زخمی ہونے والے شخص کو بھی وزیراعظم کی طرف سے مالی امداد دی جائے گی۔
وزیراعظم نے مالی امداد کا اعلان اپنے مشیر اور خیبرپختونخوا میں ن لیگ کے صدر انجینئر امیر مقام کی درخواست پر کیا، انجینئر امیر مقام نے وزیراعظم کو خط لکھ کر مارتنگ حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کے لئے امداد کی اپیل کی تھی۔
شہباز شریف نے انجینئر امیر مقام کو متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کرکے تعزیت کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے متاثرہ خاندانوں کے نام پیغام میں کہا کہ وہ جاں بحق ہونے والے بچوں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔