(ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے احتساب ریفرنس میں میاں نواز شریف کی بریت پر اظہار تشکر کیا۔
اپنے ایک بیان میں وزیر اعظم نے کہا ہے کہ اللہ کا شکر ہے کہ نواز شریف کو انصاف ملا ہے، احتساب عدالت کا فیصلہ گواہی دے رہا ہے کہ نواز شریف کو سیاسی طور پر نقصان پہنچانے کیلئے جان بوجھ کر جھوٹے مقدمے میں ملوث کیا گیا، عدالت نے تسلیم کیا ہے کہ نواز شریف لاہور ہائی کورٹ اور حکومت کی اجازت سے بیرون ملک گئے۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے مزید کہا ہے کہ عدالت نے یہ بھی تسلیم کیا کہ نواز شریف ملک میں ہوتے تو تفتیش کا حصہ بنتے، یہ ثبوت ہے کہ جان بوجھ کر اُس وقت کی انتقامی حکومت نے نواز شریف کو مفرور قرار دلوایا، ثابت ہو گیا کہ نواز شریف کو سیاسی نقصان پہنچانے کیلئے نیب نیازی گٹھ جوڑ کے ذریعے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ نواز شریف کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ نے جھوٹ پر مبنی ایک اور مقدمے میں انہیں سرخرو کیا، امید ہے کہ نواز شریف کے ساتھ سیاسی مقاصد کی خاطر جو ظلم اور زیادتی کی گئی اس میں انہیں مکمل انصاف ملے گا۔