(لاہور نیوز) پنجاب بھر کی جیلوں میں بیکریاں قائم کرنے اور قیدیوں کو مختلف کورسز کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
نگراں وزیرِاعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیرِ صدارت جیل ریفارمز سے متعلق اجلاس ہوا جس میں قیدیوں کے لیے جیلوں میں یوٹیلٹی اسٹورز کے قیام کی تجویز پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں مخیر حضرات کے تعاون سے جیلوں میں بیکری قائم کرنے کا پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پہلے مرحلے میں لاہور کی کیمپ جیل میں بیکری قائم کی جائے گی، اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کے مطابق قیدیوں کے لیے ٹیلی فون کالز کا دورانیہ 300 منٹ ماہانہ بڑھا دیا گیا ہے جبکہ 16جیلوں میں ماڈرن کچن، واش رومز، ملاقاتی کمرے اور لانڈریاں بنائی جائیں گی۔
ٹیوٹا اور محکمۂ جیل خانہ جات کے درمیان 10 مزید جیلوں میں قیدیوں کو ٹیکنیکل کورسز کرانے کا معاہدہ بھی طے پا گیا، چیف آپریٹنگ آفیسر ٹیوٹا احمد خاور اور آئی جی جیل فاروق نذیر نے معاہدے پر دستخط کیے۔
اس معاہدے کے تحت پنجاب کی مزید 10 جیلوں میں قیدیوں کو 16 ٹیوٹا کورسز کرائے جائیں گے، 3 سے 6 ماہ کے کورسز کے اختتام پر قیدیوں کو سرٹیفکیٹ دیے جائیں گے اور سزا میں رعایت مل سکے گی۔
لاہور، قصور، شیخو پورہ، پاکپتن، اوکاڑہ، جھنگ، سرگودھا، وہاڑی، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور لیہ کی جیلوں میں ٹیوٹا کورسز شروع ہوں گے، قیدی الیکٹریشن، ویلڈر، پلمبر، موٹر سائیکل مکینک، فیشن ڈیزائننگ اور کمپیوٹر ایپلیکشن سمیت دیگر کورسز کر سکیں گے۔
چیف آپریٹنگ آفیسر ٹیوٹا نے بریفنگ میں بتایا کہ ہر ٹیوٹا کورس میں 25 قیدی حصہ لے سکیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ٹیوٹا 20 ہزار قیدیوں کو ٹریننگ دے چکا ہے، مزید 10 ہزار قیدی ٹریننگ حاصل کر سکیں گے، خواتین اور نو عمر قیدی بھی ٹیوٹا کورسز کر سکیں گے۔