(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت جیل ریمارمز سے متعلق اجلاس ہوا جس میں پنجاب بھر کی 16جیلوں کی تعمیرومرمت و بحالی کے پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹریز صنعت، خزانہ، صحت، تعمیرات و مواصلات، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور متعلقہ حکام اجلاس میں شریک ہوئے، اجلاس میں قیدیوں کیلئے جیلوں میں یوٹیلٹی سٹورز کے قیام کی تجویز پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
دوران اجلاس بریفنگ میں بتایا گیا کہ مخیر حضرات کے تعاون سے جیلوں میں بیکری قائم کی جائے گی، پہلے فیز میں لاہور کی کیمپ جیل میں بیکری بنائی جائے گی، قیدیوں کیلئے ٹیلی فون کالز کا دورانیہ تین سو منٹ ماہانہ بڑھا دیا گیا ہے۔
اجلاس میں پنجاب بھر کی 16 جیلوں کی تعمیرومرمت و بحالی کے پراجیکٹ کا بھی جائزہ لیا گیا، 16جیلوں میں ماڈرن کچن،واشن رومز،ملاقاتی کمرے اورلانڈری بنائی جائے گی۔
چیف آپریٹنگ آفیسر ٹیوٹا نے اجلاس کو بتایا کہ ٹیوٹا 20 ہزارقیدیوں کو ٹریننگ دے چکا ہے، مزید 10ہزار قیدی ٹریننگ حاصل کرسکیں گے، خواتین اور نوعمرقیدی بھی ٹیوٹا کورسزکر سکیں گے۔
قبل ازیں نگران وزیراعلیٰ کی موجودگی میں ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی اور محکمہ جیل خانہ جات کے درمیان 10مزید جیلوں میں قیدیوں کو ٹیکنیکل کورسز کرانے کا معاہدہ طے پایا۔