(لاہور نیوز) لاہور کو محفوظ بنانے کیلئے سیف سٹی پراجیکٹ پر اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، چینی کمپنی نے سیف سٹی کیمرے ٹھیک کرنے کے لیے سامان امپورٹ کر لیا۔
سیف سٹیز ترجمان کا کہنا ہے کہ آئی جی پنجاب نے چینی کمپنی کو عید تک تمام ضروری آلات منگوانے کا الٹی میٹم دیا تھا، چینی کمپنی نے کیمرے، پاور بیٹریاں، ایل سی ڈیز سمیت دیگر تکنیکی اشیاء امپورٹ کر لی ہیں۔
ترجمان نے مزید بتایا ہے کہ چینی کمپنی کو 14 اگست تک مزید دو ہزار کیمرے فعال کرنے کا ٹارگٹ دیا گیا ہے، فیشل ریکگنائزیشن سسٹم سمیت تمام سافٹ ویئرز کو بھی مکمل فعال کیا جائے گا، معاہدے کے مطابق چینی کمپنی پراجیکٹ کو 100 فیصد مکمل فعال بنانے کی ذمہ دار ہے۔
سیف سٹیز اتھارٹی کے ایم ڈی محمد کامران خان کا کہنا ہے کہ کیمروں اور سافٹ ویئر کے فعال ہونے سے سکیورٹی و مانیٹرنگ کا عمل مزید مؤثر ہو گا، سیف سٹی پراجیکٹ کے مکمل فعال ہونے سے جرائم پیشہ افراد کے گرد گھیرا مزید تنگ ہو گا۔