(لاہور نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں اتحادی حکومت نے ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے پارلیمانی سال حکومتی مدت مکمل ہونے سے قبل ہی مکمل کر لیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان میں وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضی جاوید عباسی نے بتایا ہے کہ پارلیمانی سال میں 130 دن قومی اسمبلی کا اجلاس ہونا لازم ہے لیکن اب تک 138 دن اجلاس جاری رہا، 12 اگست تک حکومت کی آئینی مدت ہے اور اجلاس"ان سیشن" ہے۔
انہوں نے کہا کہ قوی امکان ہے کہ آئینی مدت مکمل ہونے تک پارلیمانی سال کے ہدف سے 15 ایام زائد ہوں گے، 12 مارچ سے شروع ہونے والے سینٹ کے پارلیمانی سال کے دوران اب تک 31 دن اجلاس جاری رہا، 11مارچ 2024 تک ایوان بالا کے پارلیمانی سال کا ہدف بھی بآسانی حاصل ہو جائے گا۔
وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی نے مزید کہا ہے کہ حکومت پارلیمان کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے، اتحادی حکومت نے آرڈیننس کے اجراء کی بجائے قانون سازی کو ترجیح دی ہے، ہماری حکومت نے عوام کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں۔