(لاہور نیوز) سابق صدر کراچی چیمبر محمد ادریس نے کہا کہ تاجر برادری شرح سود میں سو پوائنٹس کے اضافے کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے۔
محمد ادریس کا کہنا تھا کہ شرح سود کو 22 فیصد کی بلند ترین سطح پر لے جانے سے معاشی و کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوں گی، شرح سود کو کم کر کے ایسی سطح پر لایا جائے کہ کاروبار کیلئے قرضے لینے کی حوصلہ افزائی ہو، بصورت دیگر صنعتکار کاروبار کو وسعت دینے کے بجائے اپنی صنعتیں بند کر دیں گے۔
سابق صدر کراچی چیمبر نے کہا کہ پڑوسی ممالک میں شرح سود کا جائزہ لے کر فوری طور پر پاکستان میں نمایاں کمی کی جائے، کاروباری لاگت آسمان کو چھورہی ہے، کاروبار ٹھپ، عوام پریشان ہیں، حکومت ہوش سے کام لے۔
انہوں نے کہا کہ سرمائے کی قلت، بھاری سود کی وجہ سے صنعتکاری کی بری طرح حوصلہ شکنی ہو رہی ہے، معاشی بحران کے باعث پہلے ہی صنعتکاروں کو بے پناہ مشکلات کا سامنا ہے، حالیہ بجٹ میں کاروبار دشمن اور عوام دشمن ٹیکسوں سے ناقابل برداشت بوجھ پڑے گا۔