(ویب ڈیسک) حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل کرتے ہوئے بجٹ میں مزید 215 ارب روپے کے ٹیکس عائد کر دیئے۔
آئندہ بجٹ میں 200 ارب روپے کے ٹیکس اقدامات کیے گئے تھے، حکومت نے مزید 215 ارب روپے کے نئے ٹیکسز عوام پر عائد کیے ہیں جس کے بعد آئندہ بجٹ میں 415 ارب روپے کے ٹیکس مزید وصول کیے جائیں گے، فروری میں لگے منی بجٹ کو جاری رکھنے سے 510 ارب روپے کے ٹیکس لگے، آئندہ مالی سال مجموعی طور پر 925 ارب روپے کے نئے ٹیکسز لگیں گے۔
بجٹ میں انکم ٹیکس میں سالانہ 24 لاکھ سے زائد آمدن پر ٹیکس میں 2.5 فیصد کا اضافہ کر دیا گیا، ماہانہ 2 لاکھ سے زائد کی تنخواہ پر انکم ٹیکس کی شرح میں بھی 2.5 فیصد اضافہ کر دیا گیا، کھاد پر 5 فیصد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد کرنے کا فیصلہ ہوا ہے جس سے 35 ارب روپے آمدن ہو گی، پراپرٹی کی خرید و فروخت پر ٹیکس ایک سے 2 فیصد کرنے کا فیصلہ ہوا ہے، اس اقدام سے مزید 45 ارب روپے حاصل ہونے کا تخمینہ ہے۔